تسکینی نگہداشت (Palliative Care) کیا ہے؟
تسکینی نگہداشت (Palliative Care) کا مطلب وہ طبی نگہداشت ہے جو لاعلاج بیماریوں کے شکار افراد میں تکلیف کم کرتی ہے۔ یہ مریضوں اور ان کے خاندانوں کے آرام، ان کو سہارا دینے اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ یہ لوگوں کو جب تک ممکن ہو، بہترین زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
تسکینی نگہداشت کب شروع ہو سکتی ہے؟
تسکینی نگہداشت بڑھتی ہوئی بیماری کے کسی بھی مرحلے پر شروع کی جا سکتی ہے، نہ کہ صرف آخری ہفتوں یا دنوں میں۔ کئی صورتوں میں، ایک شخص اپنی بیماری کا دیگر علاج کروانے کے ساتھ ساتھ تسکینی نگہداشت بھی حاصل کر سکتا ہے۔
تسکینی نگہداشت کون فراہم کرتا ہے؟
تسکینی نگہداشت کوئی بھی طبی ماہر فراہم کرسکتا ہے، جیسے کہ جی پی (GP)، میڈیکل سپیشلسٹ یا نرس۔
مریض کی علامات مزید پیچیدہ ہونے کی صورت میں، ماہرانہ تسکینی نگہداشت کی خدمات (Specialist Palliative Care Services) حاصل کی جا سکتی ہیں۔ یہ عام طور پر ایسے ڈاکٹر یا نرس کی زیرِ نگرانی فراہم کی جاتی ہے جو زندگی کے آخری مرحلے کی علامات، جیسے کہ شدید درد، قے اور سانس لینے میں دشواری پر قابو پانے میں مہارت رکھتے ہوں۔
ماہرانہ (Specialist) تسکینی نگہداشت کی ٹیم مریض کی موجودہ ہیلتھ کیئر ٹیم کے ساتھ اشتراک سے کام جاری رکھے گی، جس میں درج ذیل شامل ہو سکتے ہیں:
- ڈاکٹرز
- نرسیں
- ایلائڈ ہیلتھ پروفیشنل
- فارماسسٹ
- ماہرینِ نفسیات
- روحانی یا مذہبی نگہداشت فراہم کرنے والے
- تسکینی نگہداشت کے رضا کار
ماہرانہ (Specialist) تسکینی نگہداشت کی خدمات کیسے حاصل کی جا سکتی ہیں؟
ماہرانہ تسکینی نگہداشت کی خدمات کے لیے کوئی بھی فرد، خاندان کا رکن، دیکھ بھال کرنے والا، یا کوئی بھی طبی ماہر رجوع کر سکتا ہے۔
ماہرانہ تسکینی نگہداشت کی خدمات کس قسم کی دیکھ بھال فراہم کرتی ہیں؟
ماہرانہ تسکینی نگہداشت کی خدمات میں درج ذیل شامل ہیں:
- پیچیدہ جسمانی علامات پر قابو پانے میں مدد
- سماجی، ثقافتی اور روحانی مسائل میں مدد
- مریض، ان کے اہل خانہ یا دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے کونسلنگ اور غم میں مدد
ماہرانہ تسکینی نگہداشت کی خدمات کہاں فراہم کی جا سکتی ہیں؟
تسکینی نگہداشت درج ذیل جگہوں پر دی جا سکتی ہیں:
- گھر پر
- ہسپتال میں
- ہاسپیس میں
- ایجیڈ کیئر ہوم میں
- معذوری کے لیے معاون رہائش گاہ میں
ماہرانہ تسکینی نگہداشت کی خدمات کے اخراجات کیا ہیں؟
زیادہ طر تسکینی نگہداشت کی خدمات مفت ہیں۔ ادویات یا طبی آلات کے کچھ اخراجات ہو سکتے ہیں، جن کے بارے میں ضرورت پڑنے پر آپ سے مشورہ یا بات چیت کی جائے گی۔
اہل خانہ اور دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے کیا مدد دستیاب ہے؟
ماہرانہ تسکینی نگہداشت کی خدمات خاندان کے ارکان اور دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے عملی اور جذباتی مدد بھی فراہم کرتی ہیں۔
اگر آپ کو مترجم کی ضرورت ہو تو کیا کریں؟
مترجم کی ضرورت کے بارے میں سروس کو پہلے سے مطلع کرنا ضروری ہے۔
میں سروس کیسے تلاش کر سکتا ہوں یا مزید معلومات کیسے حاصل کروں؟
- اپنے ڈاکٹر، سپیشلسٹ یا کسی بھی طبی ماہر (Health Professional) سے بات کریں
- اپنی مقامی تسکینی نگہداشت کی سروس (Local Palliative Care Service) کو کال کریں
- پیلئیٹو کیئر وکٹوریہ (Palliative Care Victoria) سے رابطہ کریں

فون پر بات چیت کے لیے مترجم کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ برائے مہربانی ہمیں بتائیں کہ آپ کو کون سی زبان درکار ہے۔